نہر سوئز میں پھنسے دیوہیکل بحری جہاز کے جلد ہٹنے کا امکان

فوٹو: بشکریہ بی بی سی

یورپ اور ایشیا کو ملانے والی نہر سوئز میں پھنسے دیو ہیکل جاپانی بحری جہاز کے جلد ہٹنے کا امکان ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جاپانی بحری جہاز ایور گرین کے مالک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ نہر سوئز میں پھنسا بحری جہاز جلد باہر نکل آئے گا اور غالب امکان ہے کہ جہاز کو ہفتے کے روز ہی نہر سے نکال لیا جائے۔

بحری جہاز کے مالک کا کہنا تھا کہ نہر سوئز کے کنارے سے جہاز کو ہٹانے کے لیے 10 بوٹس تعینات کی گئی ہیں جب کہ اس کے لیے امریکا کی جانب سے بھی نیوی کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی اپنی اضافی قوت کے ساتھ جہاز کو ہٹانے کے لیے مسلسل کام کررہی ہے اور امید ہے کہ جاپانی وقت کے مطابق جہاز کو ہفتے کی شام تک ہٹالیا جائے گا۔

جہاز کے مالک کا کہنا تھا کہ ایور گرین اس وقت پانی نہیں لے رہا، اس کے پتوار اور ٹربائن میں کوئی خرابی نہیں لہٰذا جہاز ایک مرتبہ دوبارہ پانی میں تیرا تو پھر یہ آسانی سے چلنے کے قابل ہوگا۔

فوٹو: بشکریہ بی بی سی

جاپانی بحری جہاز منگل کے روز ایشیا اور یورپ کو ملانے والے اہم تجارتی راستے نہرسوئز میں پھنسا تھا جس کی وجہ سے نہر سوئز میں کئی بحری جہاز رکنے سے بین الاقوامی تجارتی آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے اور متعدد کمپنیوں کے بحری جہاز واپس افریقا کے راستے روانہ ہوگئے۔

نہر سوئز میں بحری جہاز ایور گرین کے پھنسنے سے بحری ٹریفک متاثر ہوا اور بحر احمر میں 200 سے زائد بحری جہاز پھنس گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چار روز سے پھنسے اس 2 ہزار ٹن وزنی اور 1300 فٹ لمبے بحری جہاز کو ہٹانے کے لیے جاپانی شپنگ کمپنی نے بھی کوشش کی جو کارگر ثابت نہ ہوئی۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے اس حوالے سے کہا کہ امریکا نے نہرسوئز کو کھولنے کے لیے پیشکش کی تھی اور امریکا اس پر قابو پانے کے لیے صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 120 میل لمبی اس نہر سوئز کی گزرگاہ سے 12 فیصد کے قریب عالمی تجارتی آمدورفت کی جاتی ہے جو بحیرہ روم اور بحیرہ احمر کو جوڑ کر ایشیا اور یورپ کے درمیان ایک مختصر سمندری راستہ فراہم کرتی ہے۔



#نہر #سوئز #میں #پھنسے #دیوہیکل #بحری #جہاز #کے #جلد #ہٹنے #کا #امکان

Source link

Pin It on Pinterest

%d bloggers like this: